کویت اردو نیوز ، 14 اکتوبر 2023: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین بھی فلسطین کی حمایت میں میدان میں آگئیں۔
ہفتہ سے اب تک غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہو گئی ہے جب کہ 8 ہزار 714 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
ایسے میں یمنی زیدی، اشنا شاہ، صبا قمر، ہانیہ عامر، عثمان خالد بٹ سمیت دیگر شوبز ستاروں نے فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی۔
ماورا حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ "معصوم بچے مر رہے ہیں جب کہ عالمی رہنما سو رہے ہیں”۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘یہ انسانی جانوں سے متعلق ہے، فلسطین میں تشدد سے تمام مذاہب کے لوگ مارے جا رہے ہیں’۔
انہوں نےخاموش تماشا دیکھتی دنیا سےسوال کیا کہ ‘دنیا اس پر اتنی خاموش یا غیر جانب دار کیوں ہے؟’
ماورا حسین نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "غزہ کی نسل کشی کے لیے آواز اٹھائیں”۔
واضح رہے کہ فلسطین کی آزادی پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد ہفتے کے روز سے اسرائیلی افواج کی غزہ پر شدید بمباری جاری ہے۔ اسرائیلی فوج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے الٹی میٹم کے چند گھنٹے بعد صہیونی فوج کے ٹینک فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کے لیے غزہ میں داخل ہوگئے۔