کویت اردو نیوز ، 9 اکتوبر 2023: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو ان کی دو بیک ٹو بیک کامیاب فلموں ‘جوان’ اور ‘پٹھان’ کی کامیابی کے بعد دھمکی آمیز پیغامات موصول ہورہے ہیں، جس کے بعد اداکار کو Y+ سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔
شاہ رخ خان نے اس سال بالی ووڈ کو دو سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جن میں فلم ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ شامل ہیں، ‘جوان’ ریلیز کے ایک ماہ بعد بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے، ان شاندار کامیابیوں کے دوران کنگ خان کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جس کے بعد مہاراشٹر حکومت نے کنگ خان کو Y+ سیکیورٹی فراہم کردی، مہاراشٹر کے وی آئی پی سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کی ٹیم بالی ووڈ سپر اسٹار کے ساتھ ہر وقت رہے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی میں شاہ رخ خان کے ’منت‘ گھر کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی، ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے اداکار کے گھر کی حفاظت کریں گے، اس کے علاوہ اداکار جب بھی گھر سے باہر نکلیں گے۔ ان کی سیکیورٹی میں ایک تربیت یافتہ کمانڈو کے ساتھ ٹریفک کلیئرنس گاڑی شامل ہوگی جو ٹریفک کو کلیئر کرے گا تاکہ کوئی بھی اداکار کی گاڑی کے آگے یا پیچھے نہ آئے۔
اس سے قبل بھی بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو دو پولیس کانسٹیبلز کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا بالی ووڈ میں کامیاب کریئر رہا ہے، یہ سال ان کے کیرئیر کا بہترین سال رہا، یش راج فلمز کی فلم ’پٹھان‘ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کیا اور مجموعی طور پر 1050 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ ایٹلی۔ ‘جوان’ نے اب تک دنیا بھر میں 1090 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
شاہ رخ خان کی دو فلموں نے 2141 کروڑ کا بزنس کیا اور کنگ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک سال میں 1000 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔
اداکار کی ایک میگا فلم باقی ہے، ‘ڈنکی’، جسے راجکمار ہیرانی پروڈیوس کررہے ہیں، ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ کے بعد اب وہ سال کی تیسری فلم ‘ڈنکی’ کی تیاری کر رہے ہیں۔