کویت اردو نیوز : کراچی میں منعقدہ فیشن شو میں ماڈلز نے جہاں روشنیاں بکھیریں وہیں فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔
فیشن ڈیزائنر پریشے کی جانب سے زر کے عنوان سے رنگا رنگ فیشن شو میں 35 منفرد دیدہ زیب ڈیزائن پیش کیے گئے، جن میں سے ہر ایک کی کہانی سنانے کے لیے منفرد تھی۔
معروف فیشن ڈیزائنر امیر عدنان کا کہنا ہے کہ میری بیٹی پریشے نے دنیا سے متاثر ہوئے بغیر جو چاہا وہ پیش کیا۔ شو کے آغاز میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
فریحہ الطاف کا کہنا ہے کہ یہ وقت فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ہے۔ مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے ہم سب کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ظلم ہے۔ کورونا ختم ہونے کے بعد بھی لوگوں میں انسانیت واپس نہیں آئی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ حماس نے جو کچھ کیا اس کے بعد اسرائیل بھی جال میں پھنس گیا ہے اور سب کو پتہ چل گیا ہے کہ دہشت گرد کون ہیں۔
شو میں پاکستانی مرد اور خواتین ماڈلز کے ساتھ ساتھ 2 ٹرانس جینڈر ماڈلز نے بھی شرکت کی۔ پیش کردہ کلیکشن مختلف پرانے کپڑوں کو ری سائیکل کرکے تیار کیا گیا جبکہ شو کے شرکاء نے بھی پیش کیے گئے کپڑوں کو سراہا۔