کویت اردو نیوز 09 جون: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے، ایم پی اے پی ٹی آئی جمال صدیقی نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے، ایم پی اے پی ٹی آئی جمال صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملازم نے کہا ہے کہ ایم این اے عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملازم کمرے کے اندر گئے تو ڈاکٹر عامر لیاقت بیہوش تھے، ملازم نے ڈاکٹر عامرلیاقت کو اسپتال منتقل کیا۔ ان کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا جس کے باعث ممکن ہے ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی۔
ترجمان اسپتال نے بتایا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ کا تعین کیا جارہاہے اور طبی معائنہ جاری ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پہنچ گئے جبکہ کرائم سین یونٹ کی ٹیم بھی ڈاکٹر عامرلیاقت کے گھر پرموجود ہے۔
According to various media reports, it is now confirmed that MNA Amir Liaquat Hussain has passed away in Karachi. #AmirLiaquat pic.twitter.com/d4HJePwqmt
— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 9, 2022
پولیس کی جانب سے ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا تھا کہ ہمیں ریسکیو حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی ،عامر لیاقت کا گھر بریگیڈ تھانے کی حدود میں ہے، ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد ہی مزید بتا سکیں گے۔ دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ افسوسناک خبر ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے، ایوان کی کاروائی فوری روکنی چاہیے جس کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ، صدر عارف علوی اور سیاسی رہنماؤں نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کےلئے دعائے مغفرت کی۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے تھے اور 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔