کویت اردو نیوز، 12مئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے والد، اداکار شتروگھن سنہا کا ایک دیرینہ خواب پورا کر دکھایا۔
سوناکشی سنہا آج کل اپنی ویب سیریز ’دھاڑ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
اُنہوں نے حال ہی میں ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران یہ انکشاف کیا کہ میرے والد چاہتے تھے کہ میں بڑی ہوکر پولیس آفیسر بنوں۔اُنہوں نے اپنی ویب سیریز پر والد شتروگھن سنہا کے ردِعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کیونکہ جب میں چھوٹی تھی تو پاپا اپنے دوستوں سے کہا کرتے تھے کہ میری بیٹی پولیس آفیسر بنے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس لیے سیریز میں اپنے کردار کے لیے پولیس کا یونیفارم پہننے کے بعد میں نے انہیں اپنی ایک تصویر بھیجی اور کہا کہ میں نے آج آپ کے خواب کو پورا کردیا۔
اُنہوں نے ویب سیریز’دھاڑ‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں کافی عرصے سے ایک مضبوط کردار کی تلاش میں تھی اور یہ ایک بہت ہی دلچسپ کردار ہے کیونکہ اس میں تفریحی عناصر بھی موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بہت زیادہ پرجوش ہونے کی وجہ سے میرے دل کی دھڑکن اس وقت بہت تیز ہے اور یہ ویب سیریز میرا ڈیجیٹل ڈیبیو بھی ہے، مجھے ایک طویل سیریز میں ناظرین پہلی بار دیکھیں گے۔
سوناکشی سنہا نے کہا کہ میں نے طویل عرصے کے بعد کوئی اتنا اہم کردار ادا کیا ہے۔
ویب سیریز ’دھاڑ‘ میں سوناکشی سنہا ایک پولیس آفیسر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔