کویت اردو نیوز،14اگست: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کو تھپڑ مارنے اور اسکو سرعام ذلیل کرنے والے کو ہندو تنظیم نے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر آگرہ سے تعلق رکھنے والی ہندو تنظیم راشٹریہ ہندو پریشد نے اکشے کمار کو تھپڑ مارنے والے کو انعام دینے کا اعلان کیا۔
تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ اداکار نے اپنی حالیہ فلم ’او ایم جی 2‘ میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
راشٹریہ ہندو پریشد بھارت نے جمعرات کو بھارتی اداکار کے پتلے اور فلم کے پوسٹروں کو آگ بھی لگائی تھی۔
تنظیم نے مزید کہا کہ اکشے کمار کی مذکورہ فلم جس سینما گھر میں چلے گی اس کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔
تنظیم کے صدر گووند پراشر نے بھارتی حکومت اور سنسر بورڈ سے فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا اور اس بات سے بھی خبردار کیا کہ اگر فلم پر پابندی نہ لگائی گئی تو احتجاج جاری رہے گا۔
مذکورہ فلم ’او ایم جی 2‘ میں اکشے کمار، پنکج ترپاٹھی اور یامی گوتم نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں