کویت اردو نیوز ، 23 اکتوبر 2023: پاکستان اور ترکی کی مشترکہ تاریخی ویب سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور ترکی کے فنکاروں کے اشتراک سے بننے والی ویب سیریز ‘فتح القدس صلاح الدین ایوبی’ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
نئی ویب سیریز یروشلم کو فتح کرنے والے اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی ہے۔
فلم میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترک اداکار اوور گونیش ادا کر رہے ہیں جب کہ پاکستان سے اس میں عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، کاشف انصاری، جنید علی شاہ و دیگر شامل ہیں۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ویب سیریز کا ٹیزر شیئر کیا اور ناظرین کو آگاہ کیا کہ وہ تاریخ کے ایک اہم حصے کے شاندار تجربے کے لیے تیار ہوجائیں۔
تاریخی ویب سیریز کے لیے ایک بڑا سیٹ نصب کیا گیا ہے جس میں 200 ایکڑ پر پھیلے قدیم شہر دمشق کا مکمل نظارہ کیا گیا ہے۔
نئی ویب سیریز رواں سال 13 نومبر سے ٹی آر ٹی ون پر ریلیز کی جائے گی جبکہ پاکستانی اور ترک ناظرین اسے دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔