کویت اردو نیوز ، 8 اکتوبر 2023: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ اور انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ چاہتی تھیں کہ شاہ رخ خان کی تمام فلمیں فلاپ ہوں۔
آج گوری خان اپنی 53ویں سالگرہ منا رہی ہیں، ایسے میں بھارتی میڈیا پر گوری خان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلموں کو فلاپ ہوتے دیکھنا چاہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گوری خان نے کہا کہ میری شادی چھوٹی عمر میں ہوئی اور جب میں شاہ رخ خان کے ساتھ ممبئی آئی تو زیادہ خوش نہیں تھی۔
گوری خان کا کہنا تھا کہ ‘پہلی بار ممبئی آنا اور پھر فلمیں، شوبز وغیرہ، یہ سب کچھ نیا اور حیران کن تھا، مجھے اپنا گھر بہت یاد آیا، مجھے ممبئی آ کر کوئی خوشی نہیں ہوئی’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں چاہتی تھی کہ شاہ رخ خان کی تمام فلمیں فلاپ ہوں کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ اگر فلمیں فلاپ ہوئیں تو ہم دہلی میں اپنے گھر واپس چلے جائیں گے’۔
گوری خان نے کہا کہ ‘مجھے نہیں معلوم کہ شاہ رخ خان کب اور کیسے بالی ووڈ اسٹار بنے’۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا بالی ووڈ میں کامیاب کریئر رہا ہے، یہ سال ان کے کیریئر کا بہترین سال رہا، یش راج فلمز کی فلم ’پٹھان‘ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کیا اور مجموعی طور پر 1050 کروڑ کا بزنس کیا۔ جبکہ Atlee. ‘جوان’ نے اب تک دنیا بھر میں 1090 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
شاہ رخ خان کی دو فلموں نے 2141 کروڑ کا بزنس کیا ہے اور کنگ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک سال میں 1000 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔
اداکار کے پاس ایک میگا فلم ‘ڈنکی’ باقی ہے جسے راجکمار ہیرانی پروڈیوس کررہے ہیں، ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ کے بعد اب وہ اپنی سال کی تیسری ریلیز ‘ڈنکی’ کی تیاری کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی 3 دہائیاں قبل 1991 میں ہوئی تھی، گوری خان ایک انٹیریئر ڈیزائنر اور بزنس وومن ہیں، اس خوبصورت جوڑے کے 3 بچے ہیں۔