کویت اردو نیوز، 15 اکتوبر 2023: امیشا پٹیل ایک مقبول بالی ووڈ اداکارہ ہیں اور انہیں انڈسٹری کی کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا جیسے کہو نا پیار ہے، آپ مجھے اچھے لگے، منگل پانڈے، غدر اور بھول بھلیاں۔
سنی دیول کے ساتھ اداکارہ کی نئی فلم غدر 2 نے بھی انڈسٹری میں طوفان برپا کیا اور بالی ووڈ کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔
اب امیشا پٹیل کے بارے میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے 2004ء میں اپنے والد کے خلاف مالی بدانتظامی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
اداکارہ نے اپنے عدالتی کیس میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے والد نے ان کے اکاؤنٹس کا غلط استعمال کیا تھا جس پر انہیں 12 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا اور یہ رقم انہیں واپس کی جائے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں امیشا پٹیل کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کے خلاف مقدمہ درج کرانے میں کوئی شرم نہیں ہے کیونکہ اداکارہ کی دولت پر ان کے والدین کا کوئی حق نہیں ہے۔
امیشا پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ان کی دادی ان کا ساتھ دے رہی تھیں اور ان کے والدین نے بھی انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ بعد ازاں حالات معمول پر آنے کے بعد اداکارہ اور ان کے والدین کے درمیان معاملات طے پاگئے اور ان کا جھگڑا ختم ہوگیا۔