کویت اردو نیوز : ایک نئی تحقیق کے مطابق دن میں 14 گھنٹے بھوکا رہنے سے ہمیں بھوک کم لگنے، زیادہ توانائی حاصل کرنے اور بہتر موڈ میں رہنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کنگز کالج لندن میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کھانے کے اوقات کو 10 گھنٹے تک محدود کرنا (یعنی صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان کھانا) صحت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
وقفے وقفے سے فاقہ کرنے کے کچھ حامی افراد کھانے کی اس مدت کو چھ گھنٹے تک محدود کرتے ہیں (مثال کے طور پر، صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک)۔ لیکن تازہ ترین تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کم پابندی والے ادوار بھی موڈ، توانائی اور بھوک پر مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
مطالعہ میں، محققین نے ZOE ایپ کا استعمال کیا جس میں شرکاء نے اپنی صحت کے بارے میں روزانہ کی تفصیلات درج کی.
ایپ پر 37 ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران انہیں ایک ہفتے تک معمول کے مطابق کھانے کو کہا گیا اور پھر 14 دن تک انہیں 10 گھنٹے کے وقفوں میں کھانے کو کہا گیا۔
محققین نے شرکاء سے اپنے مزاج، توانائی اور بھوک کے بارے میں تفصیلات ریکارڈ کرنے کو بھی کہا۔
تجزیے سے پتا چلا کہ جو لوگ دن میں 14 گھنٹے فاقہ کرتے ہیں وہ بہتر توانائی اور بہتر مزاج اور کم بھوک کے حامل ہوتے ہیں۔
کنگز کالج لندن سے تعلق رکھنے والی محقق ڈاکٹر سارہ بیری نے کہا کہ یہ مطالعہ ایک کنٹرول شدہ ماحول سے باہر سب سے بڑا مطالعہ ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وقفے وقفے سے فاقہ کرنے سے آپ کی صحت حقیقی طور پر بہتر ہو سکتی ہے۔