کویت اردو نیوز ، 6 اکتوبر 2023: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان 2018 میں اپنی فلم ‘زیرو’ کی ناکامی کے بعد چار سال کے وقفے پر چلے گئے اور انہوں نے 2023 میں سدھارتھ آنند کی ‘پٹھان’ کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کی ۔
‘پٹھان’ کی ناقابل یقین کامیابی اور بزنس نے کنگ خان کو ایک بار پھر بالی ووڈ کا راج دیا اور یہ راج یہیں نہیں رکا بلکہ اداکار کی دوسری فلم ‘جوان’ نے باکس آفس پر کامیابی میں ‘پٹھان’ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یش راج فلمز کی ‘پٹھان’ نے کل 1050 کروڑ کا بزنس کرکے دنیا بھر میں کامیاب بزنس کیا ہے جبکہ ایٹلی کی ‘جوان’ نے اب تک دنیا بھر میں 1090 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
شاہ رخ خان کی دو فلموں نے 2141 کروڑ کا بزنس کیا اور کنگ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک سال میں 1000 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔
اداکار کی ایک میگا فلم ‘ڈنکی’ باقی ہے جسے راجکمار ہیرانی پروڈیوس کررہے ہیں اور شائقین اس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جب کہ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق کنگ خان اس فلم کے اختتام تک 3000 کروڑ کا تاریخ ساز بزنس کر لیں گے۔