کویت اردو نیوز ، 25 اکتوبر 2023 : ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جیسن سٹیتھم نے اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگا کر غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کی مخالفت کردی۔
فلسطین کی آزادی پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد سے اسرائیلی افواج نے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
حماس کے حملوں کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے مشہور فنکار اور نامور شخصیات فلسطین کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
اب ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جیسن سٹیتھم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگاتے ہوئے پولیس کو فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا چیلنج کررہے ہیں ۔
ویڈیو میں جیسن سٹیتھم کو اپنی گاڑی پر فلسطینی جھنڈا لگا کر گاڑی میں بیٹھے دیکھا گیا، جب کہ ویڈیو کو دور سے فلمایا گیا۔
ہالی ووڈ اداکار جیسن سٹیتھم کو فلسطین کی حمایت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جیسن سٹیتھم ہالی ووڈ کی مشہور فلموں ٹرانسپورٹر، اسٹاک اینڈ ٹو سموکنگ، فاسٹ اینڈ فیوریس، لاک اینڈ بالرز میں بطور ہیرو کام کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی 24 گھنٹے کی مسلسل بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے جس کےباعث 7 اکتوبرسے غزہ میں شہیدہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد5ہزار 800 ہوچکی ہے جبکہ 16 ہزارسےزائد زخمی ہیں۔