کویت اردو نیوز : برازیل سے تعلق رکھنے والی ایک مقبول سوشل میڈیا انفلوئینسر اور ریئلٹی ٹی وی سٹار Luana Andrade جسم کی چربی کم کرنے کی سرجری کے دوران انتقال کر گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ لوانا اینڈریڈ ساؤ پالو کے ایک اسپتال میں جسم کی اضافی چربی کو کم کرنے کے لیے لائپو سکشن کرانے آئی تھیں۔ یہ سرجری تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
سرجری کے دوران ٹی وی اسٹار لوانا اینڈریڈ کا دل بند ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے سرجری روک کر انہیں دل کے علاج کے لیے انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا۔
آئی سی یو میں منتقل کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے لوانا اینڈریڈ کے دل کا علاج شروع کیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکی اور وہ دم توڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لوانا اینڈریڈ کو بیک وقت 4 ہارٹ اٹیک ہوئے جس کی وجہ سے دل سے پھیپھڑوں تک خون لے جانے والی شریانوں میں خون کے لوتھڑے بن گئے جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔
لائپوسکشن کیا ہے؟
لیپو کا مطلب ہے چکنائی، جب کہ سکشن کا مطلب ہے نکالنا، یعنی سرجری کے ذریعے جسم سے اضافی چربی نکالنے کے عمل کو لائپو سکشن کہتے ہیں۔
الٹراسونک لائپوسکشن الٹراساؤنڈ شعاعوں کا استعمال کرکے جسم کی چربی کو ہٹانے کا عمل ہے۔