کویت اردو نیوز 13 فروری: ترکیہ میں آنے والے ہولناک زلزلے میں معروف ترک سیریز کورولش عثمان میں اہم کردار نبھانے والے اداکار اپنی اہلیہ سمیت ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق جاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زلان ٹگرس بھی ان ہزاروں افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے ملبے تلے دب کر انتقال کرگئے۔
پروڈکشن کمپنی بوزداغ فلم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاگدس اور ان کی موسیقار اہلیہ زلان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دونوں کی تصویر شیئر کی گئی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ اداکار جاگدس جانکایا اہلیہ سمیت ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ساتھ ہی ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
جاگدس جانکایا نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز عثمان غازی المعروف ‘کورولش عثمان’ میں قونیہ محل کے ایک اہم سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔
یاد رہے ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔